Sunday, September 8, 2024

وزیر داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہنستے بستے پاکستان کو لڑھکنے کے راستے ڈال دیا گیا

وزیر داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہنستے بستے پاکستان کو لڑھکنے کے راستے ڈال دیا گیا
August 26, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ کہتے ہیں گھڑے مردے اکھاڑ کرنئے تنازعے میں الجھنا نہیں چاہتے۔ ہنستے بستے پاکستان کو لڑھکنے کے راستے ڈال دیا گیا۔ دشمن ہمیں تقسیم کرناچاہتا ہے۔ سیاسی عدم استحکام کےباعث معاشی نقصان کرنےوالوں کابھی حساب لیا جائے ۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے سستا بازار کے دورے کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک بیج پر ہیں۔ ملکی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ خطے میں استحکام کے لیے دوستوں سے مل کر کام کریں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا نیوز لیکس انکوائری منطقی انجام تک پہنچ گئی۔ البتہ جے آئی ٹی کے بننے سے ملک 14 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ سیاسی بے چینی سے سرمایہ کاری رک گئی، یہ نہیں ہو سکتا کہ سیاسی کھیل کھیلا جائے اور ملک ترقی بھی کرے۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ سستا بازار میں آتشزدگی کی رپورٹ دو روز میں مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بازار میں الات نصب ہوتے تو کم نقصان ہوتا۔ سی ڈی اے کمرشل اور پبلک مقامات پر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنائے۔