Tuesday, May 21, 2024

وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ، گولی بازو کو چھوتے ہوئے پیٹ میں لگی

وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ، گولی بازو کو چھوتے ہوئے پیٹ میں لگی
May 6, 2018
نارووال ( 92 نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے ،احسن اقبال کو ایک گولی لگی ، گولی وزیر داخلہ کے بازو کو چھوتے ہوئے پیٹ میں لگی ۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نارووال میں کارنر میٹنگ سے خطاب کے بعد روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا،حملہ آور کارنر میٹنگ میں پہلے سے ہی موجود تھا،  حملے کی خبر پھیلتے ہی ہل چل مچ گئی ۔ گولی لگنے کے بعد وزیر داخلہ احسن اقبال کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کیا گیا ، بعد ازاں وزیر داخلہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر میں لاہور روانہ کیا گیا، جہاں انہیں سروسز ہسپتال میں منتقل کر دیاگیا۔ سٹی اسکین مکمل ہونے کے بعد احسن اقبال کو سرجیکل یونٹ میں منتقل کیا گیا ان کے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اسپتال میں موجود ہیں۔ احسن اقبال جلسے کے بعد واپس گاڑی کی طرف آرہے تھے کہ ملزم نے فائرنگ کر دی ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عابد حسین مقامی رہائشی ہے جب کہ اس کی عمر 21 سے 22سال ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے احسن اقبال کو لاہور منتقل کرنے کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر بھجوایا ۔