Saturday, April 20, 2024

وزیر خزانہ نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کر دیا ، مجموعی حجم 23 کھرب 57 کروڑ روپے مقرر

وزیر خزانہ نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کر دیا ، مجموعی حجم 23 کھرب 57 کروڑ روپے مقرر
June 14, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کر دیا۔ مجموعی حجم 23 کھرب 57 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ترقیاتی بجٹ 350 ارب ہوگا۔ صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت نے صوبائی بجٹ پیش کیا۔ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان کو مچھلی منڈی بنائے رکھا۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے آکر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ بجٹ تقریر میں بتایا گیا کہ ترقیاتی بجٹ کا حجم تین سو پچاس ارب جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم ایک ہزار سات سوسترہ ارب، ساٹھ کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ این ایف سی کے تحت پنجاب کو ایک ہزار چھ سو ایک ارب چھیالیس کروڑ کی آمدن متوقع ہے۔ بجٹ میں صوبائی محصولات کی مد میں  تین سواٹھاسی ارب ،چالیس کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا مالی سال میں جاری اخراجات کا کل تخمینہ بارہ سو اٹھانوے ارب، اسی کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ مقامی حکومتوں کے لئے چار سو سینتیس ارب دس کروڑ مختص کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے بجٹ میں میگا پروجیکٹس کے لئے دو سواناسی ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ تقریر میں بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کے لئے چالیس  ارب چھہتر کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی فنڈز سے چلنے والے پروگرامز کے لیے ساٹھ اعشاریہ پانچ ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت ہوئی۔ انہوں نے ہاشم جواں بخت کو متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے پنجاب حکومت نے انتہائی اعلیٰ بجٹ پیش کیا۔ اپوزیشن کا شور شرابہ کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ صوبائی وزرا تیمور بھٹی، محمد رضوان، آصف نکئی، ملک انور کی بھی بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد سامنے آئی۔ بجٹ تقریر مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر تین بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔