Thursday, April 25, 2024

وزیر خزانہ اسدعمر کی واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں

وزیر خزانہ اسدعمر کی واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں
April 11, 2019

 واشنگٹن (92 نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر کی واشنگٹن میں عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس اور آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ لپٹن سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے پاکستان میں جاری اصلاحات کے عمل کو سراہا اور پاکستان کی مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

 وزیر خزانہ اسد عمر کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرڈیوڈ لپٹن سے ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات پر بات ہوئی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کی ہیں، جن کے دوران معاشی اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے امریکا پاکستان کونسل کے ارکان سے بھی ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں کاروبار کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔ امریکا پاکستان بزنس کونسل کے ارکان اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حکام سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کاروبار کرنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔

 وزیر خزانہ اسد عمر نے واشنگٹن میں پی ٹی آئی کی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک آئی ایم ایف پروگرام اس لیے نہیں لیا تھا کہ ان کے اور آئی ایم ایف کے درمیان خلیج تھی، پچھلے6 ماہ کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ معلومات کا تبادلہ ہوا ہے۔