Saturday, April 27, 2024

وزیر خارجہ ہنگامی بنیادوں پر چین کا دورہ کرینگے

وزیر خارجہ ہنگامی بنیادوں پر چین کا دورہ کرینگے
August 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے کشمیر کی صورتحال کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ہنگامی بنیادوں پر چین کا دورہ کریں گے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ  کشمیر کے بحران میں کردار اداکرنے کا مطالبہ کردیا، سعودی عرب نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر کشمیری بھائیوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم کر لیا ۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی اقدامات پر عالمی برداری کو آ گاہ کیا جائےگا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ہنگامی بنیادوں پر دورہ چین کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخارجہ چینی ہم منصب وانگ ژی سے اہم ملاقات کریں گے ۔ شاہ محمود قریشی اپنے دورے میں چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر اور خطے کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ کسی بھی وقت بیجنگ روانہ ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب  اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی چیف آف اسٹاف  ماریہ لوئزہ سے ملاقات کی، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام سے پیدا ہونےوالے بحران میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نےکہاکہ بھارت پر سکیورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کیلئے دباؤ ڈالا جائے۔ ادھر سعودی عرب نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہوناچاہئے ۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کےبعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لے رہےہیں۔ سعودی عرب نے کہاکہ پاکستان اور بھارت خطے میں امن قائم رکھنے کی تمام کوششیں بروئےکار لائیں، دونوں ممالک خطے کی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔