Friday, April 26, 2024

وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ، معاشی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور

وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ، معاشی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور
December 25, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاشی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

 اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ برائے معاشی سفارت کاری، نبیل منیر، ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران شرکت ہوئی۔ دوران اجلاس معاشی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا ہمیں اپنی سفارت کاری کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہو گا۔ معاشی سفارت کاری ہماری سفارتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ معاشی سفارت کاری ڈویژن کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ وزارتِ خارجہ کا حصہ بننے والے نئے افسران کو معاشی سفارت کاری اور پبلک ڈپلومیسی کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزارتِ خارجہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اسٹریٹیجک کمیونیکیشن ڈویژن کو مزید فعال بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔