Saturday, May 11, 2024

وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ،مسئلہ کشمیر پر گفتگو

وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ،مسئلہ کشمیر پر گفتگو
January 16, 2020
نیو یارک ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔  وزیر خارجہ نے  جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کی ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات میں  شاہ محمود  قریشی نے  مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کیلئے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا ، وزیر خارجہ  نے سعودی عرب اور ایران کے دورے  کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویشناک ہیں ، مشرق وسطیٰ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، کئی ملکوں کو کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، چینی سفیر کا کشمیر ایشو پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر مشکورہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن بھارت ایسا کرنے کیلئے آمادہ نہیں، عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جبر سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کرے ، 80لاکھ کشمیریوں کو 5 اگست کے بعد سے لامتناہی کرفیو کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ صدر جنرل اسمبلی سے احساس پروگرام سمیت کئی معاملات زیر غور آئے۔