Wednesday, May 8, 2024

وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ،تعلقات مزید مستحکم کرنے  پر زور

وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ،تعلقات مزید مستحکم کرنے  پر زور
February 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سعودی وزیر خارجہ فیصل آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ  ہوا ، رابطے میں   دونوں ممالک کے درمیان  تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اہم رکن  کی حیثیت سے، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین، مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنے کیلئے، مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ چھ ماہ سے جاری مسلسل کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، پاکستان ہر سطح اور ہر فورم پرکشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ جنوبی کوریا کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر ممتاز زھرا بلوچ  نے  بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،وزیر خارجہ نے جنوبی کوریا میں پاکستان کی سفیر تعیناتی پر ممتاز زہرا بلوچ کو مبارکباد دی۔وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے پیش نظر جنوبی کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔