Wednesday, April 24, 2024

وزیر خارجہ کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس

وزیر خارجہ کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس
May 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں   اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینئرافسران بھی شریک ہوئے ۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے  وزیر خارجہ کو کورونا وبا کے تناظر میں سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی ، بتایا کہ سعودی عرب میں 150 پاکستانی کورونا وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 30 پاکستانی لقمہ اجل بنے، سعودی حکومت کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن سمیت مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  209 سے زیادہ ممالک اور ریاستیں کورونا وبا کا نشانہ بن چکی ہیں ،  دنیا بھر میں 38 لاکھ کے قریب لوگ اس وبا کا شکار ہو چکے ہیں ، 22 ہزار  لوگ پاکستان میں اس وبا کا شکار ہوئے ہیں اور 500 کے قریب اموات ہوئی ہیں ،  اللہ کا شکر ہے کہ اموات کی شرح ہمارے ہاں زیادہ نہیں ہے ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اندازہ ہے کہ مئی کے آخر اور جون کے شروع میں اس وبا کا نقطہ عروج ہو گا اور ہم اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں ، سعودی عرب کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر ممالک کے شہریوں کو زبردستی واپس نہ بھجوانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ،جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میں وزیر خارجہ سعودی عرب کو بذریعہ خط بھی شکریہ ادا کروں گا ۔