Monday, May 13, 2024

وزیر خارجہ کا آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کا دورہ

وزیر خارجہ کا آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کا دورہ
April 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے زیر علاج جوانوں سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرخارجہ نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فارری ہیبیلٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے زیر علاج فوجیوں کی صحت بارے دریافت کیا۔ پاک آرمی کی سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

وزیر خارجہ کو انسٹی ٹیوٹ کے کردار اور کاوشوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ مختلف فوجی آپریشنز میں اعضاء قربان کرنے والے فوجیوں کے علاج معالجے کا کلیدی ادارہ ہے۔ جدید سہولیات سے لیس ادارہ فوجیوں، شہریوں کیلئے یکساں معاون ہے۔ ادارہ ہر قسم کے حادثات، قدرتی آفات، پرتشدد واقعات، بارودی سرنگ دھماکوں میں زخمیوں کیلئے سہولیات کا باعث ہے۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سپاہ کے بلند عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر بجا طور پر فخر ہے۔ مسلح افواج نے جنگوں، داخلی سلامتی، قومی تعمیر کے منصوبوں میں لازوال قربانیاں دے کر کامیابیاں حاصل کیں۔