Sunday, September 8, 2024

وزیر خارجہ نے کشمیریوں کا مقدمہ انسانی حقوق کونسل میں پیش کردیا

وزیر خارجہ نے کشمیریوں کا مقدمہ انسانی حقوق کونسل میں پیش کردیا
September 10, 2019
جنیوا (92 نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ انسانی حقوق کونسل میں پیش کردیا۔ بھارت کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لئے کومبیک آپریشن کرسکتا ہے۔ بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کیخلاف ڈوزیئر انسانی حقوق کونسل میں پیش کردیا ، 115 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات کی تفصیل اور تصاویری ثبوت موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے جنیوا انسانی حقوق کونسل کے 42ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 6 ہفتوں سے کرفیو نافذ کرکے کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر رکھا ہے ، 80 لاکھ کشمیری دہائیوں سے بھارتی ظلم وجبر کا شکار ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے ، بھارت کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو پاﺅں تلے روند رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کی جانب سے بھارتی بربریت کا پردہ چاک کیا جارہا ہے، بی بی سی نے کشمیر میں بھارت کے مظالم سے متعلق رپورٹ شائع کی ہے، بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے۔ کشمیریوں کو ہسپتال میں علاج کی بھی اجازت نہیں۔ کشمیریوں کو بھی دنیا کے دیگر شہریوں کے مساوی حقوق دئیے جائیں ، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خوارادیت کی آواز اٹھاتا رہے گا۔