Thursday, March 28, 2024

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنرل نیٹو سے ملاقات، افغانستان سمیت علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنرل نیٹو سے ملاقات، افغانستان سمیت علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
December 8, 2021 ویب ڈیسک

برسلز (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنرل نیٹو جینز اسٹولٹن برگ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جون 2019 میں برسلز میں سیکرٹری جنرل کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے سیاسی اور فوجی روابط نے باہمی مفادات کے امور پر دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان، جموں و کشمیر کے تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اورکہا افغانستان میں تیزی سے ابھرتا ہوا انسانی بحران تشویشناک ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، افغان عوام کو انسانی و معاشی معاونت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان سے مہاجرین کی نقل مکانی کے خطرے کو روکنے، افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ اور منشیات کا مرکز بننے سے بچانے کے لیے طالبان کے ساتھ بین الاقوامی برادری کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران کی جانب مبذول کروانے کیلئے پاکستان 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے افغانستان میں نیٹو کی دو دہائیوں پر محیط موجودگی کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہا۔