Wednesday, April 24, 2024

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر فیٹف پر سوال اٹھا دیا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر فیٹف پر سوال اٹھا دیا
June 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر فیٹف پر سوال اٹھا دیا۔

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو بدستور گرے لسٹ میں رکھے جانے پر اپنے ردعمل میں مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تعین کرنا ہو گا کہ ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے یا پولیٹیکل؟ دیکھنا ہو گا کہ اس فورم کو سیاسی مقاصد کے لئے تو استعمال نہیں کیا جا رہا؟

 شاہ محمود قریشی نے کہا جہاں تک تکنیکی پہلووٴں کا تعلق ہے تو ہمیں 27 نکات دئیے گئے، وہ خود تسلیم کر رہے ہیں کہ 27 میں سے 26 نکات پر ہم نے مکمل عملدرآمد کر لیا ہے۔ ستائیسویں نکتے پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے اور مزید کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رہنے اور رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ میں یہ بھی واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہم نے جو بھی اقدامات اٹھائے وہ اپنے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھائے۔ ہمارا مفاد یہ ہے کہ منی لانڈرنگ نہیں ہونی چاہیے۔ جو بات پاکستان کے مفاد میں ہے وہ ہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا بعض قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کے سر پر تلوار لٹکتی رہے۔ میری نظر میں ایسی صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رہنے اور رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی۔