Sunday, May 12, 2024

وزیر خارجہ سے رمیش کمار کی ملاقات، بھارت میں 11پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت پر گفتگو

وزیر خارجہ سے رمیش کمار کی ملاقات، بھارت میں 11پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت پر گفتگو
September 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے ملاقات کی ، ملاقات میں  بھارتی شہر جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رمیش کمار کاکہناتھاکہ ہمارے مطالبے کے باوجود تحقیقات نہیں ہو سکیں ، بھارتی پولیس خودکشی کا ڈرامہ رچا کر اصل حقائق پر پردہ ڈال رہی ہے ۔ واقعہ کو ڈیرھ ماہ سے زائد عرصہ گزرچکا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، بھارت میں پاکستانی ہندو خاندان کی ہلاکت پرشدید دکھ ہے  ، بھارت سے احتجاج اور واقعہ کی تحقیقات میں پاکستان کو شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

وزیر خارجہ نے سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار کو یقین دہانی کرائی کہ جودھ پور واقعے کی شفاف تحقیقات اور حصول انصاف کیلئے وزارت خارجہ ہر ممکنہ فورم پر آواز اٹھائے گی۔ رواں برس 9 اگست  کو بھارتی ریاست راجھستان کے ضلع جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو  کو پراسرار طور پر ہلاک کر دیا گیا۔