Thursday, March 28, 2024

وزیر خارجہ خواجہ آصف تا حیات نا اہل قرار

وزیر خارجہ خواجہ آصف  تا حیات  نا اہل قرار
April 26, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کا بڑا اور تاریخی فیصلہ سامنے آ گیا۔  وزیر اعظم کے بعد ملک کا وزیر خارجہ بھی نا اہل قرار ہو گیا۔ نوازشریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے لگی ، اقامہ پر نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھونا پڑے تو خواجہ آصف کی وزارت خارجہ چلی گئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کو اقامہ رکھنے کے معاملے پر آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا ، جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے کارکن عثمان ڈار کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا ، عدالت نے الیکشن کمیشن کو خواجہ آصف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کے مطابق اثاثوں کےحوالے سے غلط بیانی منتخب رکن کیلئے مہلک ہے، اثاثوں کی معلومات میں کوئی بھول نئے سیاستدان کیلئے قابل قبول عذرہے لیکن تجربہ کار کیلئے بالکل بھی نہیں،  خواجہ آصف کاغذات نامزدگی میں اپنی تنخواہ کو ظاہر کرنا ثابت نہیں کرسکے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھاری دل کے ساتھ یہ فیصلہ سنایا ہے، ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ کسی بھی عدالت کے لئے خوشی کا موقع نہیں ہوتا جب کوئی منتخب نمائندہ نااہل ہو ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے عثمان ڈار کی درخواست پر خواجہ آصف کو نا اہل قرار دے دیا ۔ جسٹس اطہر من اللہ ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا ۔لارجر بنچ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔