Sunday, May 12, 2024

وزیر تعلیم سندھ کی اسکولز دو ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز

وزیر تعلیم سندھ کی اسکولز دو ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز
April 3, 2021

کراچی (92 نیوز) وزیر تعلیم سندھ سعیدغنی نے اسکولوں میں طلبہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اسکولز 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز پیش کردی جبکہ نجی اسکولز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ،پارکس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، مارکیٹوں پر پابندی لگائے جانے تک تعلیمی ادارے بند نہیں ہونے چاہئیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس  ہوا جس میں  وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے 2 ہفتے کیلئے اسکول بند کرنے کی تجویز دے دی  ، پرائیوٹ اسکولز مالکان  نے فیصلے پر غور کرنے کی درخواست کردی ۔

وزیرتعلیم سندھ نے کہا کہ تجاویز کو این سی او سی اجلاس میں رکھا جائے گا، کمیٹی اجلاس میں نجی اسکولوں کی جانب سے کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کورونا سے بچاؤ کا واحد حل نہیں جبکہ تعلیمی ادارے بند کرنے کی ضرورت آئے تو جونیئر کلاسز کو 2 ہفتے کیلئے فزیکل تدریس معطل کرکے آن لائن کلاسز یا ہوم ورک پلان کی پالیسی اختیار کی جائے جبکہ آٹھویں اور سینئر کلاسز کی تدریس جاری رکھی جائے ۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے تجویز دی گئی کہ کورونا کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو ایک ماہ کی چھٹیوں کو موسم گرما کی تعطیلات کے طور پر قبل از وقت کیا جاسکتا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 26 اپریل اور 10 مئی سے شروع ہونے والے کیمبرج امتحانات کی تارخ آگے بڑھانے کیلئے انتظامیہ سے بات کی جائے گی، جبکہ2021  میں ہونے والے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات کے دورانیے پر نظرثانی سب کمیٹی کرے گی۔