Friday, April 26, 2024

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ملتان ائیرپورٹ لاؤنج میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ، کورونا بارے اقدامات کا جائزہ

وزیر اعلیٰ  کی زیر صدارت ملتان ائیرپورٹ لاؤنج میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ، کورونا بارے اقدامات کا جائزہ
April 9, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار  عثمان بزدار کی زیر صدارت ملتان ایئرپورٹ لاؤنج میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ،  کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا ، لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ مرکز میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت  دی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے گاؤں مٹواہ پہنچے اور  گندم کٹائی مہم 2020 کا باقاعدہ افتتاح کردیا ، وزیراعلیٰ  نے گندم کٹائی کیلئے ہارویسٹر خود چلایاانہوں  نے روایتی انداز سے درانتی سے بھی گندم کاٹی ،  گندم کٹائی کے افتتاح کے بعد مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ  رواں برس 45لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے ہدف مقرر کیا گیا ہے ،  کاشتکاروں سے 1400 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی، گندم خریداری کیلئے گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے، صوبائی وزراء تفویض کردہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  گندم خریداری مہم کے دوران 15 بین الصوبائی داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کاشتکار ہمارے محسن ہیں، گندم کے دانے دانے اور کاشتکار کی پائی پائی کا تحفظ کریں گے، کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پرائم منسٹر زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنجاب میں 300 ارب روپے کے پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ  گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ساڑھے 12 ارب روپے کی لاگت سے پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، رواں برس کاشتکاروں کو تصدیق شدہ بیج کی 4 لاکھ بوریاں رعایتی نرخ پر فراہم کی گئی ہیں، اگلی فصل کیلئے بیج کی 12 لاکھ بوریاں دیں گے،فصل بیمہ اسکیم کا دائرہ کار بڑھا کر اڑھائی لاکھ کاشتکاروں کی فصل کی انشورنس کی گئی ہے،کاشتکار کی خوشحالی کیلئے پیداواری لاگت کم کرنا بے حد ضروری ہے،جس کیلئے 52 لاکھ کاشتکاروں کو کھادوں کی خریداری پر ساڑھے 8 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ   پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 28 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب میں 10 ہزار کھالوں کو پختہ کیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب زرعی ترقی کیلئے مختلف سبزیوں، پھلوں اور اجناس کی 80 نئی اقسام متعارف کرا چکی ہے، غیر معیاری اور جعلی ادویات و کھادوں کے سدباب کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کیا گیا ہے، ای کریڈٹ اسکیم کے تحت کاشتکاروں کو 15 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں۔