Thursday, April 18, 2024

وزیر اعلیٰ کا رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا دورہ

وزیر اعلیٰ کا رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا دورہ
September 17, 2020

ملتان ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا ، انتظامیہ بھی وزیر اعلیٰ کے دورے سے لا علم رہی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے دورے کے دوران اسٹریٹ لائٹس کی بندش اور صفائی کی ناقص صورتحال کا جائزہ لیا  اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجر عثمان خورشید کو معطل کردیا۔ اسٹریٹ لائٹس بند ہونے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا  ، ان کے حکم پر  چیف آفیسرملتان میٹروپولٹین کارپوریشن کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا۔

وزیراعلیٰنے  بوسن روڈ ، ملتان پبلک سکول اور بعض دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ دیکھ کر سخت ناراضی کااظہار کیا  اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو  آفیسر کی جواب طلبی کی ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف ایگز یکٹو آفیسر ایم ڈبلیو ایم سی سے 2 روز میں تحریری وضاحت مانگ لی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  ملتان شہر کی صفائی کی ذمہ داری ایم ڈبلیو ایم سی پر عائد ہوتی ہے،کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کروں گا ، وارننگ  کے باوجود بہتری نہ ہونا افسوسناک ہے،شہر میں اسٹریٹ لائٹس کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طو رپر درست کیا جائے ۔