Friday, April 26, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کا حکم
October 15, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر  گہری تشویش کا اظہار کیا۔  عثمان بزدار نے گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔

مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی  کارروائی کی ہدایت دے دی  ۔ سردار عثمان بزدار نے  کہا کہ مہنگائی کے مستقل سدباب کے لئے فول پروف میکانزم بنایا جائے ، گراں فروش قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں ، ہر چھوٹے بڑے شہر میں گراں فروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

کاغذی کارروائیاں قبول نہیں

سردار عثمان بزدار نے  کہا کہ اب کاغذی کارروائیاں نہیں چلیں گی، ناجائز منافع خوروں کے خلاف عملی ایکشن لینا ہو گا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باہر نکل کر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ہم نے مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دینا ہے۔

آٹا، چینی، گھی سمیت 18اشیائے ضروریہ کی خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب نے  کہا کہ  پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہو گا، عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے ،  کوئی بھی شہری ٹال فری نمبر08000234پرمہنگی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف شکایت درج کراسکتا ہے۔