Thursday, April 25, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ کی شہریوں کو بارش کے دوران باہر نہ نکلنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ سندھ کی شہریوں کو بارش کے دوران باہر نہ نکلنے کی ہدایت
August 27, 2020
کراچی (92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں کو بارش کے دوران باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ بارش کے دوران شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نہ نکلیں، جہاں موجود ہیں وہیں رہیں، سندھ حکومت لوگوں کیلئے کام کررہی ہے، ہر سڑک اور چوراہے پر تو کوئی حکومتی نمائندہ نظر نہیں آسکتا، این ڈی ایم اے اور پاک فوج سے رابطے میں ہوں۔ کراچی میں بارش، شہری جہاں ہیں وہیں رک جائیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 92 نیوز سے گفتگو کے دوران اپیل کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا سندھ حکومت کام کررہی ہے، ناکامی کی باتیں تو عرصے سے ہورہی ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا شہریوں کو شادی ہالز اور اسکولوں میں جگہ دی گئی، آج بارش کی پیش گوئی نہیں تھی۔ اس کے باوجود 140 سے 145 ملی میٹر بارش ہوئی، سندھ حکومت کے ناکام ہونے کی باتیں توعرصے سے ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی میں ڈیزاسٹر صورتحال کا اعلان کیا تھا۔ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارشوں کے باعث ڈیزاسٹر کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی۔ ملیر میں سرکاری اسکولز کی عمارتیں خالی کرانے کا حکم دیدیا۔ سرکاری اسکولز کی عمارتوں میں متاثرہ خاندانوں کو رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے کل صوبے میں چھٹی کا اعلان کردیا، تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے، بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے، ریونیو اور ضروری خدمات کے دفاتر کھلے رہیں گے۔