Friday, March 29, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ کا وفاقی حکومت پر کام نہ کرنے دینے کا الزام

وزیر اعلیٰ سندھ کا وفاقی حکومت پر کام نہ کرنے دینے کا الزام
November 9, 2019
کراچی ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر کام نہ کرنے دینے کا الزام عائد کر دیا کہا کہ سندھ اسلام آباد سے نہیں چلے گا، صوبے کو آئےینی حقوق نہ ملنے پر احتجاج کی دھمکی بھی دے دی ۔ کراچی میں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  وفاقی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، اگر وہ چیف سیکرٹری کے ذریعے حکومت چلانا چاہتے ہیں تو یہ نہیں ہونے دیں گے ، ہمیں کام کرنے دیں گے تو کام کریں گے ، اسلام آباد سے اب سندھ نہیں چلے گا ، ایسا کرنے پر حالات خراب ہوں گے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں صلاحیت ہے کہ مزید ٹیکس جمع ہو سکے ، ایف بی آر پر کسی دن ایکشن کروں گا ، ایف بی آر نے ہمارے سات ارب روپے  لئے ہوئے  ہیں ،یہ سندھ کے پیسے واپس کرنے کو تیار نہیں ،  ایف بی آر نے ہمارے اکاؤنٹس سے پیسے نکالے ہیں ۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  اوپر والے کہتے ہیں کہ سندھ حکومت نے کام نہیں کیا ،  جتنا کام سندھ حکومت نے کیا یہ ساری زندگی نہیں کر سکتے ، میں کچھ کہتا ہوں تو نوٹس بھجوا دیتے ہیں ، میڈیا والے بھی سوال کرنے لگے ہیں کہ آپ گرفتار کب ہو رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں ایک حد تک برداشت کروں گا پھر بولنا شروع کر دونگا ،  آئینی طور پرمشترکہ مفادات کونسل کااجلاس بلاناہے، وہ کرتے نہیں۔