Thursday, March 28, 2024

وزیر اعلیٰ بزدار نے لاہور کے مسائل کے حل کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی

وزیر اعلیٰ بزدار نے لاہور کے مسائل کے حل کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی
August 23, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور کے مسائل ختم کرنے کے مشن پر، عثمان بزدار کی زیر صدارت شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے مختلف محکموں کو شہر میں سہولتوں کی بہتری کے لئے ٹاسک سونپ دیئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور کے مسائل حل کرنے کے لئے خود میدان میں آگئے!، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن کے بعد منعقد ہوگا اور متعلقہ محکمے وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں گے۔ سردار عثمان بزدار نے اس حوالے سے مختلف محکموں کو شہر میں سہولیات کی بہتری کیلئے ٹاسک سونپ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے مربوط پلاننگ اور اوور چارجنگ کے سدباب کا حکم دے دیا، جبکہ مختلف سڑکوں پر صدقے کا گوشت اور پرندے بیچنے والوں کے خلاف کارروائی جبکہ گداگری کے سد باب کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے جاری بیان کے مطابق میٹرو برج اور انڈرپاسز کے قریب منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں ماحولیاتی تحفظ کے لئے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی جبکہ اسٹریٹ لائٹیں بحال کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کہتے ہیں لاہور کے معاملات دیکھنے کے لئے خود نکلوں گا، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی مگر اب کام میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔