Saturday, April 20, 2024

وزیر اعلیٰ کے پی کی ضم شدہ اضلاع میں کامیاب انتخابات پر مبارکباد

وزیر اعلیٰ کے پی کی ضم شدہ اضلاع میں کامیاب انتخابات پر مبارکباد
July 22, 2019
پشاور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ اضلاع میں کامیاب انتخابات کے انعقاد پر قبائلی عوام، پاک فوج اور دیگر اداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں فری اینڈ فیئر انتخابات منعقد کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ میں ضم شدہ اضلاع کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ قبائلی اضلاع میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لئے تاریخ ساز انتخابات کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا نے نو منتخب نمائندوں کو مبارک باد پیش کی اور قبائلی عوام، پاک فوج اور الیکشن کمیشن کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر اعلٰی محمود خان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام نے ثابت کیا کہ وہ جمہوریت پسند اور امن کے شیدائی ہیں، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع کو صوبے کے دیگر حصوں کے برابر لایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کامیاب ہونے والے بیشتر آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔ گیارہ نشستوں پر شکست کے حوالے سے وزیر اعلٰی کا موقف تھا کہ پی ٹی آئی ہی کے کارکن اس انتخاب میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف میدان میں تھے جس کی وجہ سے پارٹی کارکنوں کا ووٹ تقسیم ہو گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔