Friday, April 19, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشکل گھڑی میں ارکان اسمبلی کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشکل گھڑی میں ارکان اسمبلی کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت
April 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب حکومت  کوروناوائرس کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے صوبائی وزراء مشیران  معاونین خصوصی اور ارکان  اسمبلی کے نام مراسلہ جاری کر دیا  جس میں کہا کہ  وطن عزیز کورونا وائرس کی وجہ سے غیرمعمولی حالات سے گزررہا ہے  ، امید ہے کہ اس غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آپ اپنی تمام ترکوششیں بروئے کار لائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  مکمل یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائینگے ، ڈاکٹروں کو حفاظتی لباس،ڈی ایس ایل تھری لیبز کے قیام،کورونا کٹس اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے اور پنجاب جلد روزانہ10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ارکان  صوبائی اسمبلی محمد مامون تارڑاور نذیر احمد چوہان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر اعلٰی عثمان بزدار  نے منتخب نمائندوں کو اپنے علاقوں میں کورونا کے اقدامات کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

ادھر صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ سردار عثمان بزدار نے ایک اور وعدے کی تکمیل کر دی ، بزدار حکومت نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پروفیشنلز کے ریلیف  پیکج کو حتمی شکل دے دی ہے ،  ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، پولیس، ریسکیو 1122 صفائی کے عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جاۓ گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب کاکہنا تھا کہ  یہ اضافی تنخواہ پروفیشنلز کا کورونا کے خلاف جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کرنے کا اعتراف ہے۔