Sunday, September 8, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش

وزیر اعلیٰ پنجاب کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش
May 25, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کو  کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہونے لگی ، کہا کہ  چاند رات اور عید پر بازاروں میں ایس اوپیز کیخلاف ورزیوں پر تشویش ہے، عوام کو ذمہ داری کاثبوت دیتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ،عید کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کئے جائیں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  کورونا وباء کے خلاف حکومتی اقدامات پر عملدر آمد میں ہی شہریوں اور ان کے پیاروں کی حفاظت ہے، شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عید سماجی فاصلے برقراررکھتے ہوئے منائیں۔

انہوں نے کہا کہ   آج کا وقتی  فاصلہ مستقل فاصلوں سے بچائے گا، احتیاط،حفاظتی تدابیر اورحکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی، ہمارا ہر قدم اپنے عوام کے لیے ہے ۔ عید کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کئے جائیں گے ۔