Saturday, May 11, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا
September 21, 2020

لاہور ( 92 نیوز)  وزیر اعلیٰ پنجاب  سردارعثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ، عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی ، پنجاب بھر میں 2کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔  ایک لاکھ 10 ہزار ورکرز اور سپروائزر گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ  پولیو ورکرز کو مکمل سکیورتی فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت دی  اور ساتھ ہی  والدین سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے،اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے،اس جنگ کو جیتنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا،متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی  وزیر عبدالعلیم خان،  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر  دریشک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب  ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور  اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔