Saturday, April 20, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا موسلادھار بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا موسلادھار بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ
July 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موسلادھار بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شملہ پہاڑی، بوہڑ والا چوک، مال روڈ، منٹگمری روڈ، لکشمی چوک، جی پی او چوک اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بیٹھایا اور انہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔ وزیر اعلیٰ نے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کو پانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار نے کہا جتنی جلدی ممکن ہوسکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے۔ نکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اور مشینری بروئے کار لائی جائے۔ انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا لاہور کو پیرس بنانے کا دعوی کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔ شہریوں کی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا میں عوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔