Saturday, May 4, 2024

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں حالیہ انتظامی تبدیلیوں پر وزیراعظم کو بریف کیا

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں حالیہ انتظامی تبدیلیوں پر وزیراعظم کو بریف کیا
December 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عثمان بزدار نے پنجاب میں حالیہ انتظامی تبدیلیوں پر وزیراعظم کو بریف کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا سابق ادوار میں کرپشن کا دور تھا- سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو درست سمت میں ڈال دیا ہے۔ ہماری جدوجہد پاکستان کو سدھارنے اور عوام کو خوشحال کرنے کی ہے۔ ہر قدم وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اور نہ کبھی آئندہ کریں گے۔ ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ شفافیت کا اعتراف ہر سطح پر کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا تبدیلی سے خوفزدہ عناصر حکومت کے خلاف بے سود پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ قومی خزانے کو لوٹنے والے عناصر قوم کے مجرم ہیں۔ ماضی کی لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔