Friday, April 26, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا
July 26, 2019
 لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیف سٹی سینٹر، کنٹرول روم اور آپریشن روم کا دورہ کیا۔ شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 450 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ممکن ہو گا۔ امن و امان ہر شہری کا حق ہے اور ہم پنجاب کے ہر شہری کو اس کا یہ حق دیں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب پولیس کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کے لئے 160 کلو میٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے گی۔ قصور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی بھی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کھڈیاں اور مصطفیٰ آباد کیلئے ریسکیو 1122 سروس کا افتتاح بھی کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل کمپلیکس کوٹ رادھاکشن کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹ رادھا کشن میں ڈاکٹروں اور اسٹاف کیلئے رہائش گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔ عثمان بزدار نے کہا آج ہم نے عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کو پورا کر دیا ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل سے قصور میں قیام امن میں مدد ملے گی۔ سیف سٹی منصوبے سے جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی اور گرفت ممکن ہو سکے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بولے پراجیکٹ کا تخمینہ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا لیکن ہماری حکومت نے شفافیت کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے صرف 90 لاکھ ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا۔ اس منصوبے میں قوم کا پیسہ بچایا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے یہ بھی کہا اس منصوبے کو صرف سات ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ یہ شفافیت اور تیز رفتاری کی بہترین مثال ہے۔ قصور میں پی پی آئی سی تھری کا قیام امن و امان کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس سنٹر سے ایمرجنسی پولیس رسپانس، حادثات اورٹریفک سے متعلق دیگر امور آسانی سے حل کئے جا سکیں گے۔