Thursday, March 28, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب سے بہاولپور ڈویژن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب سے بہاولپور ڈویژن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات
February 20, 2020
لاہور ( 92 نیوز)  وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار سے بہاولپور ڈویژن کے ارکان  قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار فرداً فرداً ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے اور  مصافحہ کے بعد حال احوال دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد مختص کیاگیا ، جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے یا منصوبے کیلئے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی  سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا- سردار عثمان بزدا کا کہنا تھا کہ   پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر گہری نظر رکھی ہے ، بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی،  پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔  کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ پہلے بھی دیا، آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  منچن آباد کو ترقیاتی منصوبو ں کے حوالے سے ماڈل سٹی بنایا جائے گا ، ہیڈ سلیمانکی روڈ اور بہاولنگر تا پاکپتن روڈ کی تعمیر و مرمت جلد شروع کی جائے گی ۔ اس موقع پر ارکان  قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجاویز دیں۔