Monday, May 13, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر قیادت یوم استحصال پر ریلی نکالی گئی

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر قیادت یوم استحصال پر ریلی نکالی گئی
August 5, 2020

کراچی  ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سی ویو پر یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی ، ریلی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور تمام سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

کشمیریوں کی آواز ہے پاکستان  ، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم استحصال کشمیر جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے ۔ کراچی میں ساحل سمندر  پر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ شریک ہوئے ۔

ریلی میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور سیاسی رہنماء بھی بڑی تعداد میں  شریک تھے  ، ریلی میں قومی ترانہ سنایا گیا تو تمام حاضرین احترام میں کھڑے رہے ۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ  بھارت تمام تر مظالم کے باوجود مظلوم کشمیری عوام کو جھکانے میں ناکام رہا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا بانی پاکستان نے بھی آزادی کشمیر کیلئے آواز بلند کی تھی ، اور آزادی کا وقت اب زیادہ دور نہیں۔

یوم استحصال کشمیر ریلی میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کرکے واضح پیغام دیا کہ مسئلہ کشمیر پر قوم متحد ہے ۔