Thursday, May 9, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط،صوبے کیلئے گیس خریدنے سے انکار

وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط،صوبے کیلئے گیس خریدنے سے انکار
January 9, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا جس میں  صوبے کیلئے درآمدی گیس خریدنے سے انکار اور  گیس قیمت کے مجوزہ میکنزم کو مسترد کردیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر نے دعویٰ کیا کہ  سندھ مہنگی درآمدی آر ایل این جی لینے پر رضا مند ہو گیا ہے جس پر وزیر  اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو شکایت لگا دی  اور ندیم بابر سے وضاحتی بیان جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے خط میں واضح کردیا کہ سندھ درآمدی گیس نہیں خریدے گا ، یہ بھی بتایا کہ سندھ مقامی گیس کی پیداوار میں سرفہرست ہے ، اسکے عوام مہنگی درآمدی آر ایل این جی کی قیمت برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ 2500 سے 2600 ایم ایم سی ایف ڈی قدرتی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ صرف 1200 سے 1300 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو 520 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس ملتی ہے ، اور اب 1690 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی خریدنے کا کہا جارہا ہے،گیس قیمت کے مجوزہ میکنزم کو مسترد کرتے ہیں۔ خط میں وزیراعلی سندھ نے سندھ کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔