Friday, April 26, 2024

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سول سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سول سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
April 27, 2020

کوئٹہ ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان  جام کمال نےسول سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم کا دورہ کیا ، کہا کہ  کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، ابھی تک جو کیسز رپورٹ ہوئے وہ خود ٹیسٹنگ کیلئے آئے، گزشتہ 3 دنوں سے رینڈم ٹیسٹنگ شروع کی ہے ، زیادہ متاثرہ علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سول سیکرٹریٹ  میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا ،  میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  کورونا وائرس  کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہی فراہم کر رہے ہیں،، کوئٹہ میں کورونا وائرس   لوکل ٹرانسمیشن کے ذریعے تیزی سے پھیل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس  کے  مرض کی تشخیص ٹیسٹنگ سے ہی ممکن ہے  ، ہم نے وفاق کو آگاہ کیا کہ جو کیسز رپورٹ ہوئے وہ یہ کیسز ہیں جو خود ٹیسٹنگ کے لیے آئے ، ہم نے گزشتہ 3 دنوں سے رینڈم ٹیسٹنگ شروع کی ہے، رینڈم ٹیسٹنگ کے ذریعے 6 سو ٹیسٹ کر چکے ہیں  ، 6 سو میں سے 35 کیسز مثبت تھے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ  زیادہ متاثرہ علاقوں میں سخت لاک ڈاون کر سکتے ہیں ، پاکستان اور بلوچستان پہلے فیز سے نکل کر دوسرے فیز میں داخل ہو چکے ہیں ، دوسرے فیز میں ٹیسٹنگ بڑھائی ہے ،  ترقی یافتہ ممالک میں اموات کی شرح زیادہ ہے ، ہماری آبادی بھی زیادہ ہے ، حکومت کو تمام حقائق،مسائل  کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوتے ہیں ، بلوچستان کا موازنہ کسی صوبے سے نہ کیا جائے، ہمارے پاس صحت کی سہولیات بہت کم ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہاں کوئی انڈسٹری نہیں، بلوچستان میں پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کے برابر ہے، خوش قسمتی سے بلوچستان میں شرح اموات کم ہے ، عوام سے اپیل کرتا ہوں گھروں سے نہ نکلیں ، نوجوانوں سے اپیل ہے کہ بیماری کو گھر نہ لے کر جائیں ، ہمارے ہاں دیہات کا بڑا ماحول ہے ، ہمارے ہاں کوروناوائرس کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا ،زندگی رہے گی تو کاروبار ہوتا رہے گا ۔