Saturday, May 4, 2024

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشکل کی گھڑی میں نواز شریف سے مدد مانگ لی

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشکل کی گھڑی میں نواز شریف سے مدد مانگ لی
January 8, 2018

کوئٹہ (92 نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے مشکل گھڑی میں ٹیلیفونک رابطہ کر کے پارٹی سربراہ میاں محمد نواز شریف سے مدد مانگ لی۔
بلوچستان کی سیاست میں بھونچال آ گیا۔ لیگی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد زور پکڑنے لگی۔ ان کی مشکلات بھی 9 جنوری کے قریب آتے ہی مزید بڑھنے لگی ہیں۔ اس حوالے سے ن لیگ کے میرعاصم کرد ، طاہر محمود اور ق لیگ کے صوبائی وزیر برائے ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفر مندوخیل نے بھی ثنا اللہ زہری کو بائے بائے کہہ دیا۔
ادھر میاں نواز شریف نے بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کا ٹاسک وزیر اعظم کو سونپ دیا۔ حالات کا جائزہ لینے اور معاملات سدھارنے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج 11 بجے کوئٹہ پہنچیں گے اور وزیر اعظم لیگی ارکان اور اتحادیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری طرف بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جمعیت علماء اسلام ف کے مولانا عبد الواسع نے نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کرنے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر اور وفاقی وزیر مملکت جام کمال سے ملاقاتوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے تو وزیر اعلیٰ کو مکمل یقین دہانیاں کرائی گئیں مگر زمینی حقائق کچھ اور ہی کہانی پیش کر رہے ہیں۔