Saturday, May 4, 2024

وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے اقتدار کا فیصلہ کل ہو گا

وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے اقتدار کا فیصلہ کل ہو گا
January 8, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا نیا باب کل کھلنے جا رہا ہے ۔ وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے اقتدار کا فیصلہ کل ہو گا.

 بلوچستان اسمبلی میں  کے باہر اور اندر سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا  ۔ تحریک عدم اعتماد کے  بانی رہنماء سرفراز بگٹی اور عبدالقدوس بزنجو اسمبلی پہنچے تو ہاتھ سے وکٹری کا نشان بنا کر اپنی فتح کا اظہار کیا  ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات نہیں کریں گے  ۔

باغی ارکان نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ  مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی ۔ مولانا واسع کہتے ہیں کہ اب وقت گزر گیا  ۔ 4 سال سے صوبے کے مسائل وفاق کو آگاہ کر رہے ہیں  مگر پوچھنے والا کوئی نہیں تھا ۔

زمرک اچکزئی کہتے ہیں کہ  ہم اپنے فیصلے خود کر سکتے ہیں  ۔ عبدالقدوس بزنجو نے مسلم لیگ ن کو اپنی پارٹی میں جمہوریت  لانے کا مشورہ دیا ۔

سرفراز بگٹی نے ہنستے ہوئے کہا کہ آج ایک اور مضبوط وکٹ گرنے والی ہے ۔ سابق کہو یا موجودہ وزیر اعلی نے اپنا زیادہ وقت صوبے سے باہر گزارا ۔

انہوں نے کہا کہ کل ہونے والے اجلاس کی لائیو کوریج کی بھی اجازت نہیں دی گئی ۔ اسمبلی ارکان اور صحافیوں کو موبائل لانے کی اجازت نہیں جبکہ اسمبلی سے باہر سکیورٹی کے انتظامات ایف سی کے سپرد ہیں۔