Friday, April 26, 2024

وزیر اعلیٰ بزدار نےاورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ بزدار نےاورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا
October 25, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ گجراں اسٹیشن پراورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی اور دیگربھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج میٹرو ٹرین منصوبہ پاک چین دوستی کی مثال ہے، شہری کل سے ٹرین میں سفر کرسکیں گے۔ ٹرین 27 کلومیٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی، اوسط رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے موقع پر حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخ 6 دہائیاں پرانی ہے، پاک چین دوستی سمندر سے زیادہ گہری، شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا کلائمیکس سی پیک کا منصوبہ ہے۔ سی پیک سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب شروع ہورہے ہیں۔ دونوں ملکوں میں باہمی دوستی کا رشتہ مزید گہرا اور مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت لاہور میں آج اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کاماس ٹرانزٹ منصوبہ شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا محرک ثابت ہو گا اور اس سے اربن ڈویلپمنٹ میں استحکام مزید بڑھے گا- وزیر اعلیٰ پنجاب بولے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک نئی سیاسی روایت قائم کی ہے۔ ماضی کی روایات کے برعکس کسی منصوبے کو سیاسی تعصب کا شکار نہیں ہونے دیا۔ وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے اس کی مثال ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کرسابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115 ارب روپے کے ادھورے پراجیکٹس پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ٹینڈرنگ کے عمل میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ حکومت پنجاب کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی اقتصادی صورتحال اور محدود وسائل کے باوجود اورنج لائن ٹرین کو چلانے کے لئے سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی بھی دے رہی ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے تاریخی موقع پر سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب کچھی کے مطابق اورنج ٹرین ٹرین صبح ساڑھے 7 سے رات ساڑھے 8 بجے تک 13 گھنٹے کیلئے چلائی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے 6 ماہ کیلئے ٹرین کا کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر دو سے اڑھائی لاکھ مسافر سفر کریں گے۔ مسافروں کے لئے ٹرین میں بیٹھنے کے لئے ماسک اور شناختی کارڈ کا ہونا لازم ہو گا۔