Friday, May 3, 2024

وزیر اعظم کے قافلے میں مشتبہ گاڑی گھس آئی ،ڈرائیور گرفتار

وزیر اعظم کے قافلے میں مشتبہ گاڑی گھس آئی ،ڈرائیور گرفتار
August 3, 2015
  اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نواز شریف کے قافلے میں مشتبہ گاڑی گھس آئی  وزیراعظم کے قافلے کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے گاڑی کو روک کر قافلے سے دور کر دیا اور ڈرئیور کوگرفتار کر لیا۔ سرکاری ٹی وی نے اسے وزیراعظم کی گاڑی پر حملے کی کوشش قرار دیا جبکہ  وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق گرفتار شخص ائیرفورس کا ریٹائرڈ افسر ہے اور یہ واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اپنی فیملی کے ہمراہ مری سے اسلام آباد بذریعہ روڈ جارہے تھے کہ بارہ کہو کے قریب ان کے قافلے میں اچانک مشتبہ گاڑی گھس آئی ۔  قافلے کی سیکیورٹی پر ماموراہلکاروں نے فوری ایکشن میں آتے ہوئے مشتبہ گاڑی کو قافلے سے الگ کرلیا جب کہ وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ بخیریت وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ تھانہ بارہ کہو  پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کی ۔ سرکاری ٹی وی نے اسے وزیراعظم کی گاڑی پر حملے کی کوشش قرار دیا اور خبر دی کہ  سفید رنگ کی پراڈو گاڑی نے وزیراعظم کی گاڑی کو پیچھے سے ہٹ کرنے کی کوشش کی، گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی تھی ۔ تاہم  وزیر اعظم ہاوٗس کے ذرائع نے 92 نیوز کو بتایا کہ  قافلے میں گھسنے والا شخص ریٹائرڈ ائیر کموڈور حفیظ الرحمان ہے۔ وہ اپنی فیملی  کے ساتھ گاڑی میں سوار تھے۔ حفیظ الرحمان کو معلوم نہیں تھا کہ یہ وزیر اعظم کا قافلہ ہے۔ان  کی گاڑی غلطی سے قافلے میں گھس گئی۔ اور   حفیظ الرحمان کو تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے  بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ شخص نے غلطی سے وزیر اعظم کے قافلے کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی تحقیقات سے ثابت ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم کی گاڑی پر حملہ نہیں ہوا۔ متعلقہ شخص ائیر فورس کا سابق افسر اور اسلام آباد کا رہائشی ہے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی نہیں ہے۔