Sunday, May 19, 2024

وزیر اعظم کے خصوصی پروگرام ’’ صاف اور سرسبز پاکستان ‘‘ کا آج سے آغاز ہو گیا

وزیر اعظم کے خصوصی پروگرام ’’ صاف اور سرسبز پاکستان ‘‘ کا آج سے آغاز ہو گیا
August 18, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں وزیراعظم عمران خان کے’’ صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام ‘‘کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ اور گورنر بلوچستان نے پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے نہتے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

 وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے 5 سال میں 10 بلین درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ عوام کو فری پودے فراہم کرنے کیلئے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے” پلانٹ فار پاکستان“ کے تحت پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ مانگا منڈی کے علاقے خودپور میں 450 کنال اراضی پر شجرکاری کی جائے گی۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کیلئے 26 ارب رکھے ہیں۔

 وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ کراچی میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ مرادعلی شاہ نے کہا 3 ملین درخت لگانے کا ٹارگٹ تھا اب تک 40 لاکھ لگا چکے ہیں۔ سندھ کو سرسبز بنائیں گے۔

بلوچستان میں بھی شجرکاری مہم کا آغاز ہو گیا۔ گورنر امان اللہ یاسین زئی نے گورنر ہاوس میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ گورنر بلوچستان کا کہنا تھا صوبہ بھر میں 90 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔