Tuesday, May 7, 2024

وزیر اعظم کیساتھ ڈائیلاگ مسترد، 13 دسمبر کو جلسہ مینارِپاکستان پر ہی ہوگا، فضل الرحمٰن

وزیر اعظم کیساتھ ڈائیلاگ مسترد، 13 دسمبر کو جلسہ مینارِپاکستان پر ہی ہوگا، فضل الرحمٰن
December 8, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں 13 دسمبر کو لاہور میں مینارِپاکستان پر ہی جلسہ ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان کی ڈائیلاگ کی دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پارٹی سربراہان نے اپنی اپنی ٹیم کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی، سب نے بڑے عزم اور بڑے حوصلے کے ساتھ اس بات کا اعلان کیا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں مینارپاکستان پر ہی جلسہ ہوگا۔ حکومت نے اگر کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو ملتان سے بھی زیادہ برا حشر کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ڈائیلاگ نہیں کیا جائے گا،31 دسمبر تک تمام ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی قائدین کے پاس جمع کرا دیں گے۔ کل سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا، شٹرڈاؤن، پہیہ جام ہڑتال اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول طے کیا جائے گا۔  ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کب کیا جائے اور اِس کی تاریخ کا تعین بھی کیا جائے گا۔ ہم اتفاق رائے کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے، تحریک کی شدت میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوگا۔ لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا اور حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ حکومت کو فرق پڑ چکا، اس کی کرسی کی چولیں ہل چکیں۔ اب صرف ایک دھکا دینے کی دیر ہے۔ 

مولانا فضل الرحمٰن مزید بولے کہ ہم نے اگر استعفے دے دیئے تو پھر ان کی طرح واپس نہیں چاٹیں گے، تمام صوبائی اور قومی ارکان اسمبلی 31 دسمبر تک اپنے استعفے اپنے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے۔

پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے آصف زرداری اور اختر مینگل نے شرکت کی۔