Saturday, May 11, 2024

وزیر اعظم کی کورونا بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت

وزیر اعظم کی کورونا بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت
May 9, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس  ہوا ، وزیر اعظم نے  کورونا کےحوالے سےشعور اجاگر کرنے کیلئےآگاہی مہم چلانے کی ہدایت دے دی ۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین  راشد ، صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور سینئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

صوبائی وزراء صحت نے کورونا وائرس کی صورتحال، ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال،  ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر فیصل نے ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعدادوشمار، شرح اموات، کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دی ، بتایا کہ  پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔

صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہوم قرنطینہ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ اس حوالے سے جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا ۔

وزیراعظم نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا  ، کہا کہ  بحیثیت فرد اور بحیثیت ذمہ دار شہری، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے تو اس کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں۔

وزیر اعظم نے کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ کے حوالے سے نہایت افسوس کا اظہار کیا، کہا کہ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔