Monday, September 16, 2024

وزیر اعظم کی پی سی بی کے نئے چیئرمین کی تقرری پر مشاورت

وزیر اعظم کی پی سی بی کے نئے چیئرمین کی تقرری پر مشاورت
April 7, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کےنئے چیئرمین  تقرر پر مشاورت شروع کر دی ہے، نئے چیئرمین کے لیے ماجد خان کا نام تجویز کیا گیا ہے  ۔ تفصیلات کےمطابق حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سینئر وزراءکے ساتھ وزیرا عظم ان دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں بہتری کے لئے مشاورت کر رہے ہیں اور اس کے ڈھانچے میں تبدیلی کے لئے انھیں مختلف تجاویز دی جا رہی ہیں ایک سینئر وزیر کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو پی سی بی کے نئے چیئرمین کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹ ماجد خان کا نام تجویز کر دیا گیا ہے تاہم وزیرا عظم نے نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مزید نام بھی مانگ لیے ہیں، موجودہ چیئرمین شہریار خان سے بھی اس حوالے سے رائے مانگی جائے گی۔ ایک حکومتی شخصیت بھی چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی امیدوار ہے ، جس کا دفتر وزیرا عظم آفس میں ہے اور ان دنوں وہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، نئے چیئرمین کی تقرری کے ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی کا عہدہ بھی ختم کیے جانے پر مشاورت کی گئی، سینئر وزراء نے مشورہ دیا ہے کہ کرکٹ کی بحالی کے لیے مضبوط پیشہ ور اور بااختیار چیئرمین ناگزیر ہے، چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین کرکٹ بورڈ کے درمیان اختیارات کا تنازعہ ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ نئے چیئرمین کو فیصلہ سازی اور کرکٹ بورڈ کے ڈھانچہ کی تبدیلی میں بااختیار بنایا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روزمیں اس حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔