Thursday, May 9, 2024

وزیر اعظم کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں قومی ایجنڈے پر متفق ہیں ، مشیر اطلاعات

وزیر اعظم کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں قومی ایجنڈے پر متفق ہیں ، مشیر اطلاعات
January 14, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ہر محاذ پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے،  اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ، قومی ترقی کا عمل انہیں اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے ،   نقطہ نظر کے اختلاف پر اپوزیشن میں خوش ہونے والوں کی امیدوں پر ایک بار پھر اوس پڑنے والی ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  ان کی حسرتیں ایک حسرت بن کر رہ جائیں گی،  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا،ملک کے اندر اور باہر حکومتی اقدامات کے اثرات مختلف کامیابیوں کی صورت سامنے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ   وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران اور سعودی عرب کے دورے نہایت مثبت اثرات کے حامل ہیں، پاکستان نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے امت مسلمہ اور امن کے مفاد میں تعمیری کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان کے اقدام پر وزیر خارجہ کے رابطوں اور دوروں کو مسلم ممالک اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔