Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ

وزیر اعظم کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ
September 27, 2019
نیویا رک (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم اوریواین او سیکرٹری جنرل انتونیوگوستریزکی ملاقات اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں ہوئی، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ کشمیری 54 دن سے محاصرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بچوں، بوڑھوں کو جانوروں کی طرح قید میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹنے کے بعد خونریزی کا خدشہ ہے، عالمی برادری اوراقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر سے کرفیوہٹانے کے لئے کردار اداکرنا چاہئے۔ حق خود مختاری کشمیریوں کا حق ہے، بھارت نے غیرقانونی طورپر کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کیا، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی ہیں، بھارت نے کرفیو لگا کر 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا بھارت نے اقوام متحدہ کی 11 قرار دادوں کی خلاف ورزی کی، آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں کی نسل کشی ہے، ان کا کہنا تھا دو ایٹمی ملک آمنے سامنے ہیں، اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا وعدہ اقوام متحدہ نے کیا تھا، روایتی جنگ شروع ہو گئی تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔