Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت کورونا بارے اجلاس، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم کی زیر صدارت کورونا بارے اجلاس، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال
May 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اورکورونا کے معیشت پراثرات پرتبادلہ خیال کیا گیا، وزارت خزانہ نے حکومتی معاشی ریلیف پیکیج پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم کو وزارت خزانہ کی گزشتہ 9 ماہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو کوویڈ 19 کے معیشت پر اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں حکومتی معاشی ریلیف پیکج پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کوویڈ 19 کی صورتحال میں وزارت خزانہ نے بہترین کام کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی، یہ شعبے اس قابل ہوجائیں کہ ملازمتیں پیدا کرسکیں، سرکاری اداروں میں اصلاحات سے معاشی نقصان میں کمی ہوگی۔ وزیراعظم نے سبسڈیز سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ سبسڈی اصل حقدار کو مل رہی ہے یا نہیں چیک کیا جائے، موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ پراجیکٹس کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے، منصوبے صرف شروع نہیں کرنے مکمل بھی ہونے چاہییں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو استعمال کیا جائے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگراموں کے لیے بین الاقوامی پارٹنرز کو بھی شامل کیا جائے۔