Tuesday, April 23, 2024

اپوزیشن احتجاج کرے یا  تحریک چلائے ،این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم

اپوزیشن احتجاج کرے یا  تحریک چلائے ،این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم
June 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرے یا تحریک چلائے ، این آر او نہیں ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف و اتحادی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں بجٹ منظوری کے حوالے سے حکمت عملی اور ارکان کی بجٹ تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے کیسز کے حوالے سے کسی ملکی یا غیر ملکی شخصیت نے ان سے براہ راست رابطہ نہیں کیا کیونکہ سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کرونگا ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی بھی ڈیل کی خبروں سے سختی سے تردید کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن اے پی سی بلائے یا تحریک چلائے انکو پرواہ نہیں ، تحریک انصاف کارکردگی کے ذریعے جواب دے گی ۔ انہوں نے کہا موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ بن ہی نہیں سکتا  ، وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا اپوزیشن کی اے پی سی فیل ہو جائے گی ، اپوزیشن شور مچاتی رہے ہم بجٹ منظور کرا لیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا پہلی بار پاک فوج نے قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے ترقیاتی کاموں کے لیے اپنی تنخواہوں میں اضافہ نہیں لیا ، معاشی سمت کا تعین کردیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں ۔ ارکان  پارلیمنٹ ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں ۔