Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ، ایمنسٹی اسکیم کا اعلان مؤخر

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ، ایمنسٹی اسکیم  کا اعلان مؤخر
April 17, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ایمنسٹی اسکیم پر مشاورت  کی گئی مگر اعلان ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا۔

اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کا شق وار جائزہ لیا گیا ،اسکیم میں شرائط و ضوابط کا دائرہ کیا ہوگا، 92 نیوز نے معلومات حاصل کرلیں جس کے مطابق جعلی بینک اسکینڈل میں ملوث ملزمان پرایمنسٹی اسکیم لاگو نہیں ہوگی۔

یکم جنوری  2000 سے عوامی عہدہ رکھنے والوں اور سیاستدانوں کو سہولت میسر نہیں ہوگی جبکہ ان کے اہل خانہ بھی ایمنسٹی اسکیم حاصل نہیں کرسکیں گے، وفاقی کابینہ کے بعض ارکان نے اس شق کی مخالفت کردی۔

پچاس لاکھ روپے مالیت تک سونا اورقیمتی پتھر پر ایمنسٹی اسکیم حاصل کی جاسکے گی ، ایمنسٹی اسکیم میں ذاتی بینک اکاؤنٹ میں 2013سے جون 2018 تک جمع کروائی جانیوالی رقم پر ایک فیصد بے نامی بینک اکاؤنٹس میں 2013سے 15اپریل 2019تک جمع کروائی جانیوالی رقم پر 2فیصد ادائیگی کی پیشکش کی گئی ہے۔

سیلز ٹیکس،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور عدالتوں میں زیرالتواء کیسز پر بھی کاروباری طبقہ ایمنسٹی سکیم حاصل کرسکے گا ، بے نامی اثاثوں پر دس فیصد،غیرملکی کرنسی کی پاکستان منتقلی پر پانچ فیصد اور دیگر اثاثوں پرساڑھے ساڑھے سات فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔