Friday, March 29, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اہم فیصلے کئے گئے

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اہم فیصلے کئے گئے
November 1, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں  اہم حکومتی شخصیات کو پاکستان میں رہنے کی ہدایت کردی، کابینہ نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ایف سی کے سربراہوں کی تقرری کی منظور ی دے دی۔ کپتان کی زیر صدارت کھلاڑیوں کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں   ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سےپید ا ہونے والی امن و امان کی صورتحال پر بھی مشاورت  کی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ چین پر کابینہ کو اعتماد میں لیا اور فیصلہ کیا گیا امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مختصر وفد چین جائیگا ۔ وزیراعظم نے اہم حکومتی شخصیات کو ملک میں رہنے کی ہدایت کردی ۔ کابینہ نے میجر جنرل فیاض حسین شاہ کی بطور آئی جی ایف سی بلوچستان جبکہ میجر جنرل راحت حسین احمد کی بطور آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا تقرر ی کی منظوری دے دی ۔اقوام متحدہ کے امن مشن کے حوالے سے پاک چین معاہدے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ کے فیصلوں پروزیراطلاعات نے کہا ایس ایم ای، فرسٹ ویمن بینک، بلوکی پاور پلانٹ، کنونشن سینٹر، لاکھڑا کمپنی، سروسز ہوٹل لاہورکوفروخت کیا جارہا ہے۔ پی آئی اے اور سٹیل ملز کو نجکاری کی لسٹ سے نکال دیاگیا ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ  ویج بورڈ چیئرمین  کے لئے جسٹس حسنات احمد خان کے نام کی منظوری دی گئی ۔فواد چودھری نے کہا 100 روزہ پلان پر 9 نومبر سےعوام کو آگاہ کرنا شروع کریں گے۔