Wednesday, May 8, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل ہوگا

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل ہوگا
February 10, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو ہوگا  ، اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال   گندم آٹا بحران پر تحقیقات کی پیش رفت اور  اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی سمیت  حج پالیسی 2020 کی منظوری  کا امکان   ہے ۔ دوسری جانب  حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج   طلب  کرلیا گیا ہے ،  اتحادی جماعتوں کےساتھ مذاکرات اور  مریم نواز کے بیرون ملک جانے سے متعلق پارٹی بیانیہ زیر غور آئے گا ۔ ذرائع  کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں اشیائے خردونوش کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی کابینہ کو گندم آٹا بحران پر تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم وفاقی کابینہ کو دورہ ملائیشیا پر اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں حج پالیسی 2020 کی منظوری  کا بھی ا مکان  ہے ، حج پالیسی کو وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈا کا حصہ بنا دیا۔ رواں سال حج اخراجات کیا ہونگے، وفاقی کابینہ فیصلہ کریگی۔وزارت مذہبی امور حکام نے حج اخراجات  5 لاکھ 50 ہزار روپے رکھنے کی سفارش کی ہے۔ وزیر مذہبی امور حج کو سستا کرنے کا فارمولہ وفاقی کابینہ کو پیش کرینگے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی کا باضابطہ اعلان اور  حج اخراجات  کی تفصیلات جاری کرے گی۔ دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج   طلب کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق  اجلاس میں  حکومتی معاشی ٹیم مہنگائی کے اعدادوشمار اور حکمت عملی پر بریفنگ دے گی۔عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے  اورمہنگائی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر غور ہو گا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں،مریم نواز کے بیرون ملک جانے سے متعلق پارٹی بیانیہ پر بات ہو گی۔ وزیر اعظم ملکی صورتحال کے پیش نظر ترجمانوں کو گائیڈ لائن دیں گے۔