Wednesday, May 8, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع
October 22, 2019
اسلام آباد( روزنامہ 92 نیوز ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگا ، اجلاس میں  12 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا ۔ اپوزیشن کے آزادی مارچ ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی سمیت اہم امور پر مشاورت بھی ہوگی ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں پیش رفت پر اعتماد میں لیا جائے گا  ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور دفاعی امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ کابینہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا ،  اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی  ،  قرضوں کی انکوائری کیلئے بنے کمیشن اورنیب کو انفارمیشن دینے ، سستے گھروں کیلئے 5 ارب روپے قرضے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں 6 نئے قوانین کی آرڈیننس کے ذریعے منظوری کی سمری بھی پیش کی جائے گی،   وفاقی حکومت نے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کیلئے کم آمدن افراد کو  5 ارب روپے قرضے دینے کا فیصلہ کیاہے جسکی منظوری باضابطہ طور پر منظوری وفاقی کابینہ آج دیگی ۔ نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کی تاریخ 15 نومبر 2019 تک ہے ، ابتک ملک بھر سے 15لاکھ سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، وفاقی کابینہ نے رواں سال اپریل میں ’نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘ کے قیام کی منظوری دی، گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے 40 صنعتیں پروان چڑھیں گی، اس سلسلے میں حکومت کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور نجی شعبہ کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کیلئے 39 کمپنیوں سے 93 تجاویز موصول ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے سلسلے میں گھر  یا اپارٹمنٹ خریدنے والے افراد کو15 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا جوکہ 20 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا ۔ ذرائع کا کہناتھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی تجویز پر وفاقی کابینہ آج تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ابتدائی طور پر پانچ ارب روپے قرضہ فراہم کرنے کی منظوری دے گی ۔ذرائع کے مطابق 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،آزادجموں کشمیر میں اراضی کی نشان دہی ہوگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں 1350 یونٹس تعمیر کیے جائیں گے ، اس کیلئے ساڑھے سات ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ گوادرمیں 200 ایکڑ زمین پی ایچ اے کو منتقل کر دی گئی ہے ، یہ مطلوبہ زمین صرف ماہی گیروں کے لئے مختص کی گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا میں 2 ہاؤسنگ سکیمیں بنائی جارہی ہیں۔آزادکشمیر میں اس منصوبہ کے تحت 6 ہزار گھروں کیلئے 2 سکیمیں مظفرآباد اور میر پور میں جلد شروع کی جائیں گی۔ مظفرآباد میں1200 کنال اور میر پور میں 800 کنال اراضی حاصل کی جائیگی۔ وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے اسلام آباد میں منصوبے کیلئے چھ سائٹس منظور کی گئی ہیں۔