Saturday, May 4, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملکی داخلی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس‏

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملکی داخلی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس‏
March 28, 2019

 اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی داخلی  سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا  جس میں وزیر اعظم کو ملکی داخلی سکیورٹی  کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی داخلی سکیورٹی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ خزانہ، خارجہ، تعلیم کے وفاقی وزراء، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 وزیر خزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف مذاکرات، وزارت داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں اور مدرسہ ریفارمز سے متعلق بریفنگ دی۔  اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں شرکاء نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرامد کے عزم کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا نیشنل ایکشن پلان قوم کے عزم کے عکاس اور تمام سیاسی جماعتوں کا متففہ معاہدہ ہے۔ ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جائیگا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی  قربانیوں کی بھی تعریف کی اور کہا انہی قربانیوں کے نیتجے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں ملیں اور ملک میں امن قائم ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا، کسی شدت پسند تنظیم کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں۔ پاکستان کی سرزمین کو دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا جائیگا۔

 اجلاس میں ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرامد کیلئے اداروں کے درمیان روابط کا کام کرے گا۔

 نیشنل ایکشن پلان پر سیاسی جماعتوں کے اجلاس کیلئے وزیراعظم خود متحرک ہو گئے۔ شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کی ہدایت کر دی گئی۔ عمران خان کا کہنا ہے اپوزیشن رہنما جہاں چاہیں انہیں بریفنگ دی جائے، تحفظات دور کرکے فوجی عدالتوں میں توسیع پر بات چیت آگے بڑھائی جائے۔